اسلام آباد

دھمکیاں دینے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ لندن انڈرگراؤنڈ ٹرین میں انہیں گالیاں اور دھمکیاں دینے والوں کیخلاف قانونی طریقہ سے نمٹنے کا آغاز کردیا گیا ہے، جنہیں دستیاب ویڈیو فوٹیج میں شناخت کیا جاسکتا ہے۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے، واقعہ کی پولیس رپورٹ درج کرانے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ قانونی ضابطہ کے تحت کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ دھمکیاں دینے والوں کو نہیں جانتے، تاہم کچھ لوگ اس ویڈیو میں شناخت کیے جاسکتے ہیں۔’ادھر ٹیوب (انڈر گراؤنڈ ٹرین) کا کیمرہ بھی تھا جس کی ویڈیو بھی حاصل کرلی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن کے ایک انڈرگراؤنڈ ٹرین اسٹیشن پر نامعلوم شخص کی جانب سے وزیردفاع خواجہ آصف کو دھمکیاں اور گالیاں دینے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
خواجہ آصف کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دھمکیوں اور گالیوں کی ویڈیو حقیقی ہے اور مذکورہ واقعہ چند روز قبل رونما ہوا تھا، نامعلوم شخص نے خواجہ آصف کا پیچھا کیا اور ان کو دھمکیاں اور گالیاں دیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خواجہ آصف ٹرین سے نکل رہے تھے کہ نامعلوم شخص نے انہیں جملے کسے اورانہیں دھمکیاں اورگالیاں دیتے ہوئے ان کی ویڈیو بھی بنائی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *