سیاست مشکل اور ناخوشگوار ہے، جیت پر خوش ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کی جوبائیڈن سے ملاقات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدر جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جہاں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کی ہر ممکن کوشش کریں گے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سیاست سخت اور ناخوشگوار ہے لیکن جیت پر خوش ہوں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا، پریس سیکرٹری وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان انتہائی دوستانہ اور خوشگوار گفتگو ہوئی ہے۔
سیکرٹری پریس وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان حقائق پر گفتگو ہوئی، ڈونلڈ ٹرمپ سوالات کا پلندہ اپنے ساتھ لائے تھے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات تقریباً 2گھنٹے جاری رہی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ملاقات میں طے ہوا ہے کہ اقتدار کی منتقلی کب ہوگی، صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ اقتدار میں آںے پر مبارکباد بھی دی اور جنوری میں اقتدار کی منتقلی کا وعدہ کیا ہے۔
جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جوبائیڈن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ایک مشکل کام ہے کئی حوالوں سے ہر روز یہ کوئی بہت اچھی دنیا نہیں ہوتی لیکن آج کے دن یہ دنیا بہت اچھی ہے، ٹرمپ نے بھی کہا کہ وہ پر امن انتقال اقتدار کو سراہتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جو بائیڈن نے ٹرمپ کو اقتدار میں واپسی پر خوش آمدید کہا ہے، خاتون اول جل بائیڈن نے بھی ٹرمپ کا خیر مقدم کیا۔ جل بائیڈن نے ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا کو تہنیتی خط بھی لکھا۔
واضح رہے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار انداز میں ہوئی۔ تاہم طے پاگیا ہے کہ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری2025 کو حلف اٹھائیں گے۔