کراچی، ڈیفنس میں سینیئر وکیل پر مسلح افراد کا حملہ


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کھڈا مارکیٹ میں جھگڑے کے دوران تشدد سے سینیئر وکیل خواجہ شمس الاسلام زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس کی کھڈا مارکیٹ میں نامور سینیئر وکیل خواجہ شمس الاسلام پر مسلح افراد نے حملہ کیا، واقعہ ذاتی رنجش پر پیش آیا، وکیل نے ملزمان کے نام بھی بتائے ہیں، ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام کو طبی امداد کے لیے کلفٹن کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے وکیل شمس الاسلام پر حملے کی مذمت کی گئی ہے، صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ریحان عزیز ملک کے مطابق خواجہ شمس الاسلام عشا کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنے دفتر جارہے تھے کہ 15 سے 20 افراد نے ان پر آتشی اسلحہ اور ڈنڈوں سے حملہ کیا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے.
ریحان عزیز ملک کے مطابق انہیں کے جسم پر ایک گولی کا زخم بھی ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ شمس الاسلام کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔