وزیر اعظم شہباز شریف کی قوم سے نمازِ استسقا کی ادائیگی اور بارش کے لیے دعا کی اپیل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں اسموگ کے بحران کے پیش نظر قوم سے بارشوں کے لیے نماز نماز استسقا ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کو قوم کے نام ایک پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام پر زور دیا کہ وہ نمازِ استسقا کی ادائیگی اور اس کے بعد دعا میں شرکت کریں اور خشک موسم کی وجہ سے جاری چیلنجز کو کم کرنے کے لیے بارش کے لیے خصوصی طور پر خدا سے باران رحمت کے لیے دعا کریں۔
انہوں نے پیغام میں کہا کہ قوم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ نماز استسقا ہر حال میں ادا کریں اور باران رحمت کے لیے دل سے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ نماز کے انعقاد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بارشوں کے ممکنہ فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے ماحول کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور بیماریوں سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے جو بارشوں کی کمی کی وجہ سے بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش سے لوگوں کو راحت ملے گی اور خشک سالی کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید درخواست کی کہ وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کے تحت ملک بھر کی تمام مساجد میں نماز استسقا ادا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں بارش کی شکل میں خدا کی رحمت کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ سوئس گروپ آئی کیو ایئر کی لائیو رینکنگ میں لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔