پاک بنگلہ تجارت میں اہم پیشرفت: کراچی سے پہلا براہ راست کارگو جہاز چٹاگانگ پورٹ پر لنگر انداز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور بنگلہ دیش کے تجارتی تعلقات میں تاریخی پیشرفت کرتے ہوئے کراچی کی بندرگاہ سے گزشتہ ہفتے روانہ ہونیوالا مال بردار جہاز کارگو جہاز پہلی بار براہ راست چٹاگانگ کی بندرگاہ پہنچ گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سمندری تجارت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
پاناما کے جھنڈے والا جہاز، یوآن ژیانگ فا زان، 370 کنٹینرز لے کر دبئی اور کراچی سے گزرنے کے بعد چھاتوگرام پورٹ پر لنگر انداز ہوا ہے، 23 ہزار ٹی ای یوز کی مجموعی صلاحیت کے ساتھ یہ جہاز پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست جہاز رانی کے راستوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کی نشاندہی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اہم تجارتی پیشرفت کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دو طرفہ تجارت کو ہموار کرنے اور نقل و حمل کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، کنٹینرز اتارنے کا عمل مکمل کرنے کے بعد، جہاز 12 نومبر کو چھاتوگرام سے روانہ ہوا۔
اپنے ایک بیان میں بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید احمد معروف نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست شپنگ لنک کو دو طرفہ کاروباری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر کے مطابق اس پیشرفت سے موجودہ اشیا کی نقل و حمل میں اضافہ ہوگا اور دونوں اطراف کے کاروبار کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ’یہ براہ راست راستہ علاقائی تجارتی رابطے کو مضبوط کرے گا، جس سے دونوں معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا۔‘
چھاتوگرام پورٹ اتھارٹی کے سیکریٹری عمر فاروق نے تصدیق کی کہ چٹگرام اور پاکستان کے درمیان براہ راست شپنگ روٹ نہ ہونے کے باوجود یوآن ژیانگ فا ژان کی کامیاب آمد مستقبل میں باقاعدہ اس نوعیت کی خدمات کے امکانات کی نشاندہی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی اور کراچی کے راستے اس جہاز کا سفر ایک مزید مربوط علاقائی تجارتی نیٹ ورک کی تعمیر کی جانب ایک قدم تھا، یہ ترقی جنوب ایشیائی ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کی امید افزا علامت ہے۔
توقع ہے کہ براہ راست بحری رابطہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی تجارت کو نمایاں طور پر فروغ دے گا، جو ایک زیادہ مؤثر اور کم لاگت پر مبنی شپنگ حل پیش کرے گا۔‘