16 برس کی عمر میں بے ہوش کرکے غیراخلاقی حرکت کی کوشش کی گئی، رشامی ڈیسائی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ رشامی ڈیسائی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ 16 برس کی تھیں تو کسی نے انھیں آڈیشن کے دوران بےہوش کرنے کی کوشش کی تھی۔
بالی ووڈ ببل نامی میڈیا ادارے سے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ اداکارہ نے خود پر بیتنے والے پریشان کن اقدامات جن میں فلم میں کاسٹ کرنے کےلیے ناجائز اور غیر اخلاقی خواہشات کی تکمیل کے حوالے سے بھی بات کی۔
انھوں نے کہا کہ جس شخص نے انھیں بے ہوش کرکے غیر اخلاقی حرکت کی کوشش کی تھی اس کو ان کی والدہ نے سبق سکھانے کیلئے تھپڑ رسید کیا۔
رشامی ڈیسائی نے اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بالا واقعے کے دوران جب میں نے خود کو مشکل میں دیکھا تو میں باہر آگئی۔
گھر آکر اپنی والدہ کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس کے بعد اگلے روز میں اسی شخص کے پاس اپنی والدہ کے ساتھ گئی، جہاں میری والدہ نے اسے تھپڑ رسید کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کاسٹنگ کاؤچ یا فلم کے بڑوں کی جانب سے ناجائز مطالبات ایک حقیقت ہے، لیکن ہر انڈسٹری میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں، میں خوش نصیب ہوں کہ بعد میں مجھے بہت اچھے لوگ ملے، خدا مجھ پر مہربان تھا کہ ایسے لوگوں کے ساتھ میرا کام کا شاندار تجربہ رہا۔