مہنگائی میں 0.55 فیصد اضافہ، سالانہ شرح 4.16 فیصد پر آنے کا دعوی

اسلام اآباد(قدرت روزنامہ)وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں 0.55 فیصد اضافہ ہوا ہے سالانہ شرح 4.16 فیصد پر آنے کا دعوی کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے ۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر، انڈے، لہسن، گھی، چینی سمیت 24 اشیاء مہنگی ہوئیں،آلو، بڑا گوشت،ایل پی جی، لکڑی، کپڑے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جبکہ دال چنا،ماش،چکن، گندم کا آٹا اور کیلے سمیت 6 اشیاء سستی ہوئیں۔

ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں 23 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، انڈے فی درجن 16 روپے اور لہسن فی کلو 27 روپے تک مہنگا ہوا ہے، ایل پی جی کا گھریلو سیلنڈر 36 روپے تک مہنگا ہوا ہےچینی کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا ہے برانڈڈ گھی 10 روپے فی کلو تک مہنگا ہوا ہے،5 کلو کے برانڈڈ گھی کی قیمت میں 17 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر دال چنا 74 فیصد اور دال مونگ 39 فیصد مہنگی ہوئی ہےاس دوران پیاز 23 فیصد، لہسن 17 فیصد، مٹن 14 فیصد تک مہنگا ہوا ہے ایک سال میں گیس چارجز 15.52 فیصد تک بڑھ گئے، سالانہ بنیاد پر ڈیزل 14 فیصد، پیٹرول 11.64 فیصد سستا ہوا ہے ۔

اس دوران غریب طبقے کیلئے بجلی ٹیرف میں بھی 5 فیصد تک کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے، گزشتہ سال کی نسبت گندم کا آٹا 35 فیصد، مرچ 20 فیصد سستی ہوئی ہےٹماٹر، دال مونگ، ڈبل روٹی، کوکنگ آئل، چاول کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔