وزارت داخلہ کا غیر قانونی وی پی این بند کرنے کیلئے پی ٹی اے کو خط

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)غیر قانونی وی پی این کی بندش پر وزارت داخلہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو خط لکھ دیاہے جس میں کہا کہ دہشت گرد غیر قانونی وی پی اینز استعمال کررہے ہیں، غیر قانونی وی پی اینز بند کر کے قانونی وی پی این کو فروغ دیا جائے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی اے کو لکھا گیا کہ غیر قانونی وی پی اینز کے ذریعے غیر قانونی ترسیلات کی جا رہی ہیں۔ غیر رجسٹرڈ وی پی این استعمال کرکے توہین آمیز پروپیگنڈا بھی کیا جارہا ہے۔ وی پی اینز سے فحش ویب سائٹس تک رسائی بھی آسان ہو چکی۔ غیر قانونی وی پی اینز فوری بند کیے جائیں۔ وزارت داخلہ کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی وی پی اینز بند کر کے قانونی وی پی این کو فروغ دیا جائے۔