ویزا ایمنسٹی اسکیم سے فوری فائدہ اُٹھائیں، دبئی حکام کی غیر قانونی تارکین وطن کو وارننگ

اسلام اآباد(قدرت روزنامہ)امارات میں جاری ویزا ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے دبئی امیگریشن نے جیو نیوز کے توسط سے پیغام جاری کیا ہے۔ دبئی حکام نے غیر قانونی تارکین وطن کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ویزا ایمنسٹی اسکیم سے فوری فائدہ اُٹھائیں۔

ڈائریکٹر دبئی امیگریشن لیفٹیننٹ کرنل سالم بن علی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آخری لمحات، آخری مہینے اور آخری ہفتے کا انتظار مت کریں۔

ڈائریکٹر دبئی امیگریشن نے کہا کہ ویزا ایمنسٹی اسکیم میں 31 دسمبر تک توسیع کی گئی ہے۔

امیگریشن حکام کے مطابق غیر قانونی رہائش پذیر افراد فوری رابطہ کریں،31 دسمبر کے بعد تارکین وطن سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، اگلے ماہ تعطیلات کی وجہ سے ایئر ٹکٹ مہنگے ہوجائیں گے۔

ڈائریکٹر دبئی امیگریشن سالم بن علی کے مطابق وطن واپسی کا ٹکٹ مہنگا ہوسکتا ہے، متحدہ عرب امارات میں قانونی رہائشی بننے کا آخری موقع ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے امیگریشن جرمانے معاف کر دیے ہیں، اماراتی ویزا ایمنسٹی اسکیم یکم ستمبر سے شروع کی گئی تھی۔