سرکاری عہدہ دلانے کا جھانسہ دیکر گروہ نے دیشا پٹانی کے والد سے لاکھوں روپے بٹور لیے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی وڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے والد کے ساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریٹائرڈ ڈپٹی ایس پی اور اداکارہ دیشا پٹانی کے والد جگدیش سنگھ پٹانی سے ایک گروہ نے مبینہ طور پر 25 لاکھ بھارتی روپے کا فراڈ کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 5 افراد مشتمل ایک گروہ نے اداکارہ کے والد کو سرکاری کمیشن میں اعلیٰ عہدہ دلانے کا جھانسہ دیا اور رقم بٹوری۔
اداکارہ کے والد کی جانب سے درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ شوندرا پرتاپ سنگھ، جنہیں وہ ذاتی طور پر جانتے تھے نے دو افراد سے ملوایا جنہوں نے سیاسی تعلقات کا دعویٰ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ کسی سرکاری کمیشن میں چیئرمین، وائس چیئرمین یا اسی طرح کے کسی معزز عہدے پر مقرر کروا سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق اعتماد حاصل کرنے کے بعدملزمان نے مبینہ طور پر دیشا پٹانی کے والد سے 25 لاکھ بھارتی روپے ہتھیائے، جن میں 5 لاکھ نقد اور 20 لاکھ تین مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔
تاہم جب تین ماہ تک کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو ملزمان نے رقم سود سمیت واپس کرنے کا وعدہ کیا لیکن جب اداکارہ کے والد نے اپنی رقم واپس مانگی تو انہوں نے دھمکیاں دینا اور بدتمیزی شروع کر دی۔
جس کے بعد دیشا کے والد نے فراڈ کا شبہ ہونے پر پولیس میں شکایت درج کروائی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی، دھمکانے اور بھتہ خوری کے الزامات میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے اور سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔