ملک میں آئین و قانون معطل، ہماری تحریک ایک دن کی نہیں ہوگی، سلمان اکرم راجہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں آئین و قانون معطل ہے، 24 نومبر سے شروع ہونے والی ہماری تحریک ایک دن کی نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ تحریک صرف پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ ہر اس پاکستانی کی ہے جو ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ احتجاجی تحریک میں تحریک انصاف کی قیادت موجود ہوگی، اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ بشریٰ بی بی احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گی، ان کا تنظیمی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ تحریک انصاف کی سینیئر قیادت کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا اس لیے انہوں نے بشریٰ بی بی کے ذریعے پیغام بھیجا جو ہم تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی کا مشورہ ہمیشہ شامل رہتا ہے، میں جیل میں جاکر ان سے اور یاسمین راشد سے ملاقات کروں گا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ہماری دیگر سیاسی پارٹیوں سے بھی بات چیت جاری ہے، اور محمود اچکزئی بھی جلد نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حالات پر پوری دنیا کی نظر ہے، ہم چاہتے ہیں یہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا میں نوٹس لیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج کے کچھ حصے جاری کیے ہیں، پوری ویڈیو جاری کی جائے، پھر اگر ہمارا کوئی کارکن اس میں ملوث نکلتا ہے تو اسے ضرور سزا دی جائے۔