بابا گرو نانک کا 555واں جنم دن:پاکستان میں سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی کےلیے فول پروف انتظامات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن کے موقع پر گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی کے سلسلہ میں فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
اندرون و بیرون ملک سے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے بسلسلہ جنم دن بابا گرو نانک گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال آ رہے ہیں، جن کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اٹک پولیس نے تازہ دم دستے مختلف مقامات پر سیکیورٹی کیلئے تعینات کر رکھے ہیں۔
یاتریوں کی نگرانی خود ڈی پی او اٹک کر رہے ہیں ،اسکے علاوہ ایس پی انویسٹی گیشن اٹک جویریہ جمیل کی نگرانی میں 08 ڈی ایس پی بھی سیکیورٹی کے عمل کو چیک کرنے کے لیے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔
سکھ یاتریوں کوسیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے 1000 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات کیے گئے ہیں، جن میں 21 انسپکٹرز/ایس ایچ اوز، 131 اپر سپارڈینیٹ، 75 ہیڈ کانسٹیبل ،600 سے زائد کانسٹیبلان کے علاوہ 33 لیڈیز کانسٹیبلان بھی شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ سکھ یاتریوں کی حفاظت کے سلسلے میں ایلیٹ کمانڈوز کے 29 سیکشن ہمہ وقت الرٹ ہوں گے۔