شہریار منور شادی کیلئے تیار، دلہن کون ہے؟

شہریار دسمبر 2024 میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز کے اداکار اور میزبان شہریار منور آئندہ ماہ دسمبر 2024 میں شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔
یہ خبر معروف صحافی عرفان الحق نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس کے بعد مداحوں کی جانب سے اداکار کو مبارکباد دی جارہی ہے اور ان کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔
زندگی گلزار ہے، پہلی سی محبت، کچھ ان کہی، اور حالیہ ڈرامہ اے عشق جنوں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے شہریار اپنی نجی زندگی کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتے۔

تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ شہریار کی دلہن اداکارہ ماہین صدیقی ہوں گی، جو اپنے مقبول ڈراموں “دوریاں”، “اگر” اور “دوبارہ” کے لیے جانی جاتی ہیں۔
ماہین صدیقی اور شہریار منور نے اپنی شادی کے حوالے سے کسی قسم کا باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم دونوں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کی پوسٹس پر کافی متحرک نظر آتے ہیں۔

مداحوں نے ان کے تعلق کی تصدیق نہ ہونے کے باوجود ماہین کا نام پیشن گوئی کے طور پر لیا اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
یہ جوڑی پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے مقبول ترین ستاروں میں شامل ہے، اور ان کی شادی کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔