پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس میں 34 فیصد اضافہ، 4 ماہ میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی برآمدات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی آئی ٹی برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران ایک ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران آئی ٹی شعبے نے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی خدمات برآمد کی ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اکتوبر میں 33 کروڑ ڈالر رہیں، جو ستمبر کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہیں۔ پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی جانب سے گزشتہ 12 مہینوں سے اوسطاً ماہانہ تقریباً 29 کروڑ ڈالر کی خدمات برآمد کی جارہی ہیں۔ پاکستانی کمپنیوں نے برآمدات میں اضافے کے ساتھ عالمی کلائنٹس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے۔
ماہرین کی جانب سے آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافے کو اسٹیٹ بینک کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کا یہ رجحان مالی سال 2025 میں بھی جاری رہے گا۔
ایک اندازے کے مطابق ملکی آئی ٹی برآمدات رواں مال سال 10 سے 15 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے 3 سے پونے 4 ارب ڈالر رہیں گی۔
وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ مالی سال کے پہلے 4 مہینوں کے دوران آئی ٹی کی برآمدات میں 34.9 فیصد اضافہ ہوا، جولائی سے اکتوبر تک آئی ٹی برآمدات 1.206 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسی عرصے میں آئی ٹی برآمدات کا حجم 894 ملین ڈالر تھا۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کررہی ہے، وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیا جائے، جبکہ آئی ٹی انڈسٹری بھی اپنے تئیں کوششیں کررہی ہے۔