سرمایہ کاروں کے لیے اہم خبر: بلومبرگ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے متعلق بڑی پیش گوئی کر دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معیشت کی ریٹنگز سے متعلق معروف میگزین بلوم برگ نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج رواں سال کے آخر تک 27 فیصد مضبوط نمو کے ساتھ ترقی کرتا رہے گا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس رواں سال عالمی سطح پر دوسرا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا انڈیکس ہے۔
اتوار کو بلومبرگ میگزین نے آئندہ سال کے آخر تک پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں 27 فیصد کی مضبوط نمو کے ساتھ ترقی کی پیش گوئی کی ہے، جس میں معاشی اشاریوں میں استحکام اور مستحکم کرنسی کو کلیدی محرک قرار دیا گیا ہے۔
بلوم برگ نے اپنے ایک تجزیاتی مضمون میں لکھا ہے کہ پاکستان کے حصص کی قدر میں ایک چوتھائی سے زیادہ اضافے کا امکان ہے، جس کی وجہ معیشت کی بحالی اور روپے کی قدر میں استحکام ہے۔
میگزین کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس رواں سال عالمی سطح پر دوسرا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا انڈیکس ہے۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی معیشت آہستہ آہستہ مستحکم ہوئی ہے اور افراط زر ریکارڈ سطح سے نیچے آ رہا ہے جس کی وجہ سے مرکزی بینک نے مسلسل 4 اجلاسوں میں شرح سود میں کمی کی ہے جو اب 15 فیصد ہے جو 2 سال کی کم ترین شرح ہے۔
بلومبرگ نے تجزیہ کاروں کے حوالے سے کہا ہے کہ کم شرح سود، مستحکم کرنسی اور میکرو اکنامک رجحانات میں بہتری کے سازگار عوامل کے پیش نظر پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کو ’ممکنہ ری ریٹنگ کے لیے تیار‘ کیا جاسکتا ہے۔
بلومبرگ نے اپنی اشاعت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی دلچسپی کا بھی مشاہدہ کیا گیا، خاص طور پر پاکستان کی قرضوں اور ایکویٹی مارکیٹوں میں، جس کے بارے میں تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس سے مارکیٹ کے مثبت رجحان کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔