آئینی بینچ؛ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست خارج

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی، جس میں درخواست گزار پیش نہیں ہوئے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آئینی بینچ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست خارج کردی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست کی سماعت کی، جس پر رجسٹرار آفس کےا عتراضات برقرار تھے۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف کیس میں درخواست گزار پیش نہ ہوئے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست کو عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کردیا۔
واضح رہے کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست آئینی بینچ میں سماعت کےلیے مقرر کی گئی تھی۔ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کیخلاف درخواست محمود اختر نقوی نے دائر کر رکھی ہے۔
قبل ازیں وفاقی کابینہ نے سروسز چیفس کی مدت ملازمت 5 سال کرنے کی منظوری دی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی گئی تھی، جس کے ذریعے تمام سروسز چیفس کی مدت بڑھا کر 5سال کرنے کی منظوری دے دی۔
بعد ازاں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بھی سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔