درپیش مسائل کے حل کیلئے بلوچ پشتون اور دیگر اقوام کے متحد ہوئے بغیر کوئی چارہ نہیں، نواب ایاز جوگیزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور چیف آف پشتون نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بلوچستان میں بسنے والے تمام اقوام کو سیاسی و دیگر مفادات سے بالاتر ہر کر میدان عمل میں نکلنا ہوگا ایسا نہ کیا گیا تو مصور کاکڑ کی اغوا جیسے واقعات ہوتے رہیں گے بلکہ یہ سر زمین پر امریکہ اور چین کا میدان جنگ بھی بنے گا،معصوم بچے کی اغوا کو پانچ دن ہو چکے مگر فارم 47 کے نتیجے میں برسر اقتدار آنے والے کہیں دکھائی نہیں دے رہے ان کے منہ اور آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہو ئی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سرینا چوک پر سکول کے معصوم طالب علم مصور کاکڑ کی عدم بازیابی کے خلاف جاری احتجاجی دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے افسوسناک واقعات ہوتے رہے ہیں بلکہ مستقبل میں بھی ہوں گے اس لئے ضروری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہم سب بلوچ،پشتون،آبادکار ،ہزارہ و دیگر اقوام سیاسی و دیگر مفادات کو بالائے طاق رکھ کر جدوجہد کرے اس کے بغیر ہم اس صوبے ، یہاں پا ئی جا نے والی معدنیا ت اور یہاں رہنے والے لوگوں کو بچا نہیں پائیں گے،انہوں نے کہا کہ ریاست اور اسٹیبلشمنٹ عوام کے تحفظ کےلئے ہوتی ہیں مگر یہاں زور آور طبقہ اپنے تحفظ کےلئے تو ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے مگر عوام کےلئے کچھ بھی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت لگائے گئے کیمرے محض دکھاوا ہیں آئی ایم ایف سے قرضے لیکر مقتدرہ صرف اپنے لئے سہولیات کا سامان کر رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ اس سر زمین پر امریکہ اور چین کی لڑائی کا بھی عذاب آنے والا ہے اس لئے پہلے سے ہی ہمیں بار بار آزمایا جا رہا ہے یہاں اغوا اور دیگر واقعات کا مقصد ٹارگٹڈ آپریشن و دیگر کی راہ ہموار کرنا ہے سوات اور وزیرستان میں آپریشنز کے ذریعے عوامی املاک کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا جو ہمارے سامنے ہیں ان کا کہنا تھا کہ اس سر زمین پر پائے جانے والی معدنیات پر لوگوں کی نظر ہے جس پر قبضہ کےلئے ہمیں معاشی اور علمی طور پر کمزور کیا جا رہا ہے ہمارے بچے معدنیات سے لبریز وطن میں بھی مزدوری کر نے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ یہاں کے مقامی قبائل نے سینکڑوں سال سے اپنی زمینوں اور پہاڑوں کی رکھوالی کی ہے مگر اب غیر مقامی افراد کو ان کی الاٹمنٹ کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ اگر مقامی لوگوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور صورتحال کا ادراک نہ کیا تو پھر ہمیں بھیانک صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں ایک سیاہ فام کے قتل پر عوام نے صدر اور اپنے ملک کے فورسز کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا تھا ہم بھی زورآوروں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے ان کا کہنا تھا کہ اگر معصوم بچہ بازیاب نہ ہوا تو میں بھی کنٹینر لاکر یہاں پڑا ڈالوں گا انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ اور دیگر اقوام کے متحد ہوئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہمیں ایک دوسرے کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کےلئے متحد ہونا ہوگا۔انہوں نے پارٹی کا رکنوں کو ہدایت کی کہ وہ آ ج بدھ کو ہو نے والے بچوں کے مظاہرے میں اپنے بچوں کی شرکت یقینی بنا ئیں انہوں نے کہا کہ دھر نا کمیٹی جو بھی فیصلہ کر ے گئی پشتونخوا ملی عوامی پا رٹی ان کا ساتھ دے گی ۔