عمران خان اب کسی کیس میں گرفتار نہیں، جلد رہا ہوجائیں گے، سلمان صفدر کا دعویٰ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد عمران خان کے تمام کیس ختم ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرے علم میں کوئی ایسا مقدمہ نہیں جس میں عمران خان کی ضمانت منظور ہونا باقی ہو، اب امید ہے کہ بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوجائیں گے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت ہونے کے بعد عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وہ رہا ہوگئے تو 24 نومبر کے احتجاج کو خود لیڈ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان پر بہت ظلم ہوچکا، آج کی ضمانت کے بعد وہ کسی کیس میں گرفتار نہیں رہے۔
انہوں نے کہاکہ اب بھی اگر عمران خان کو رہا نہیں کیا جاتا تو ہم اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھ جائیں گے، کیونکہ ہمارا حوصلہ ختم ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کرلی ہے، تاہم دیگر کیسز میں ضمانت نہ ہونے کے باعث ان کی رہائی ممکن نہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کرکے اپیل کی ہے کہ 24 نومبر کو زیادہ لوگوں کو اسلام آباد لانا ممکن نہیں اس لیے احتجاج کی کال واپس لے لیں۔