راولپنڈی پولیس نے تھانہ نیوٹاؤن میں درج میں مقدمے میں عمران خان کی گرفتاری ڈال دی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت منظور ہونے کے بعد راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتاری ڈال دی۔
ترجمان پولیس نے بتایا ہے کہ عمران خان کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج تھا۔
پولیس کے مطابق عمران خان کے خلاف درج مقدمے میں انسداد دہشتگردی اور دیگر دفعات درج ہیں، اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کررہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے کل عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ تھانہ نیوٹاؤن میں 28 ستمبر کو عمران خان کے خلاف مقدمے کا اندراج کیا گیا تھا۔
یہ بھی واضح رہے کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں 10،10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم صادر کیا تھا۔
ضمانت کے بعد عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دعویٰ کیا تھا کہ اب عمران خان کسی مقدمے میں گرفتار نہیں ہیں، اور ان کی رہائی جلد ہوجائے گی۔