کراچی سے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لایا جانے والا طیارہ حیدرآباد پہنچ گیا
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی سے بذریعہ نیشنل ہائی وے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لایا جانے والا طیارہ حیدرآباد پہنچ گیا۔
ایم ڈی 83 ناکارہ مسافر طیارے کے ذریعے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے طلبا کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
ناکارہ طیارے کو کراچی سے ٹریلر پر نیشنل ہائی وے پر ٹھٹہ کے راستے لے جایا گیا، ناکارہ طیارہ بردار ٹریلر گزشتہ روز صبح 4 بجے کراچی سے روانہ ہوا اور گزشتہ شب دیر گئے حیدرآباد پہنچا۔
طیارہ بردار ٹریلر اسٹیل ٹاؤن، بن قاسم ٹاؤن سے گھارو پھر ٹھٹہ پہنچا، طیارہ گھارو سے بدین روڈ اور سرمست روڈ سے ہوتا ہوا حیدرآباد پہنچا۔
150 فٹ لمبا 40 ٹن وزنی ایم ڈی-83 طیارہ 25 دسمبر 2011 سے غیر فعال تھا، ناکارہ طیارے پر 172 مسافروں کی گنجائش تھی، طیارے کو اب تربیتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔