بلوچستان میں پہلے ہی آپریشنز جاری ،بڑے پیمانے پر آپریشن نفرت کو بڑھا دے گا ،ڈاکٹر مالک بلوچ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ بلوچستان میں پہلے ہی آپریشنز جاری ہیں اور اب یہ بڑے پیمانے پر آپریشن نفرت کو بڑھا دے گا کیونکہ اس آپریشن کے دوران بے قاعدگیاں ہونے کا قوی امکان ہے۔‘‘حکومت اگر بلوچستان کے مسئلے کا دیر پا حل چاہتی ہے تو اسے صرف فوجی نقظہ نظر سے آگے بڑھ کر دیکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا، ’’صوبے میں مسنگ پرسنز، بے روزگاری اور گورننس کے بڑے مسائل موجود ہیں۔حکومت کو اس طرف توجہ دینی چاہیے۔‘‘ یہ ایک غلط فیصلہ ہے اور اس سے بہتری کی بجائے بدامنی پھیلے گی۔ انہوں نے کہا، آپریشن تو 22 سال سے جاری ہے، لیکن کیا کوئی بہتری آئی ہے؟ حالات پہلے سے زیادہ خراب ہیں اور لوگوں کے تحفظات دن بدن بڑھ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس مجوزہ فوجی کارروائی میں معصوم لوگوں کے مارے جانے کا خدشہ بہت زیادہ ہے۔ڈاکٹر عبدا لمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ صوبے کی حقیقی قیادت کو سامنے لایا جانا چاہیے اور ان پر اعتماد کرنا چاہیے۔