بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ فعال اور سرمایہ کاری کیلیے ’’بزنس سمٹ‘‘ کے انعقاد کا فیصلہ

ایسے منصوبے تشکیل دیے جائیں جس سے صوبے کے وسائل میں اضافہ ہو، وزیراعلیٰ کی بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ہدایت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو فعال کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے بزنس سمٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا، جس میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ کے سربراہ کی تقرری کی منظوری بھی دے دی گئی۔
صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے فیسلٹی ٹیشن مراکز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔
علاوہ ازیں صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے ’’بلوچستان بزنس سمٹ‘‘ کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو کارخانے قائم کرنے کے لیے تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں گی۔ سرمایہ کاروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے۔ سرمایہ کار بلاخوف و خطر بلوچستان آئیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مزید انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے لیے نجی سرمایہ کار گہری دلچسپی رکھتے ہیں گیس، پانی، انفرا اسٹرکچر اور بنیادی سہولیات فراہم کرکے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ہدایت کی کہ ایسے منصوبے تشکیل دیے جائیں جس سے صوبے کے وسائل میں اضافہ ہو۔