اسلام آباد

علی امین گنڈاپور کی دو بار عمران خان اور محسن نقوی سے ملاقاتیں، کیا پی ٹی آئی کال واپس لے رہی ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے دو بار جیل میں اہم ملاقات کی اور مقتدر حلقوں کا پیغام پہنچایا، جبکہ عمران خان کا مؤقف وزیر داخلہ محسن نقوی کے ذریعے طاقتور حلقوں تک پہنچایا، جس کے بعد خیال کیا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال واپس لے سکتی ہے، اور اس کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
باخبر ذرائع نے ’وی نیوز‘ کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے 20 نومبر کو رات گئے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے خصوصی طویل ملاقات کی اور ان تک مقتدر حلقوں کا پیغام پہنچا دیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام بھی طاقتور لوگوں تک پہنچایا ہے۔
باخبر ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی اور مذاکرات میں کچھ حد تک پیشرفت بھی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کررہی ہے۔ ’مجھے ملاقاتوں کا علم ہے لیکن تحریک انصاف کے اس مطالبے پر کیا بات ہوئی یہ نہیں معلوم‘۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ اور سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی بھی پشاور سے باہر تھیں اور گزشتہ روز واپس پشاور آئی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بھی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
پی ٹی آئی کے ایک اہم رہنما نے بتایا کہ حالات سے لگ رہا ہے کہ اسلام مارچ کی کال واپس لی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں سے تیاریوں میں نرمی آئی ہے اور اب کوئی زیادہ توجہ نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت بھی مارچ کے حق میں نہیں ہے۔ ابھی تک مارچ کی کال واپس لینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم سب کی نظریں علی امین گنڈاپور پر ہیں۔
رابطے ہورہے ہیں، ترجمان خیبرپختونخوا حکومت
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ رابطے ہورہے ہیں۔ تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار ہے جو عمران خان کی رہائی سے مشروط ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کی اجازت دی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور گزشتہ دو روز سے اسلام اباد میں مصروف ہیں اور آج ان کی محسن نقوی سے ملاقات کا امکان ہے۔
ایک باخبر ذرائع نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور عمران خان کو مارچ واپس لینے پر راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ اگر مذکرات کامیاب نہ ہوئے تو اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *