محکمہ تعلیم بلوچستان اور ڈبلیو ایف پی کے درمیان طلبا کو فری کھانا دینے کا معاہدہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون سے بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے محکمہ تعلیم بلوچستان اور عالمی ادارے ڈبلیو ایف پی کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔
جمعرات کے روز کوئٹہ کے سول سیکرٹریٹ میں سیکریٹری تعلیم صالح محمد ناصر اور اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کی ڈپٹی ڈائریکٹر مس کوکو اوشی یامہ نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت کوئٹہ کے 39 پرائمر ی اسکولوں میں 13ہزار 800 طلبا و طالبات کو بریک ٹائم میں فری کھانا فراہم کیا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے اہمیت کا حامل ہے، معاہدے کے تحت اگلے سال طلبا کی تعداد 20 ہزار تک بڑھائی جائے گی معاہدہ 2 سال کے لیے کیا گیا ہے جس کے لیے تقریبا 1.5 بلین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
ڈبلیو ایف پی کی ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمارے لیے آج کا دن اہمیت رکھتا ہے، معاہدے میں حکومت بلوچستان کا تعاون حاصل رہا، اس دن کا ہمیں بے صبری سے انتظار تھا۔