24 نومبر احتجاج، کارکنوں کو کراچی سے اسلام آباد لانے پر پی ٹی آئی کتنے کروڑ روپے خرچ کررہی ہے؟
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی اور کوئٹہ پاکستان کے 2 ایسے شہر ہیں جہاں سے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پہنچنے والے کارکنان کا وقت اور رقم دونوں ہی زیادہ خرچ ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے احتجاج کا انحصار پنجاب اور خیبرپختونخوا پر ہوتا ہے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے دی جانے والی فائنل کال پر ملک کے کونے کونے میں خفیہ انداز میں مہم جاری ہے جبکہ کراچی اور اس جیسے دور دراز کے شہروں سے تو کارکنان اسلام آباد پہنچنا بھی شروع ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے 1200 کارکنان گزشتہ روز کراچی سے اسلام آباد پہنچے ہیں، آج بھی کارکنوں کی بڑی تعداد اسلام آباد کے لیے روانہ ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری پلاننگ کا حصہ ہے کہ خفیہ انداز میں اسلام آباد پہنچنا ہے اور وہاں پہنچ کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، کراچی سے اسلام آباد جانے کے لیے فی کس خرچ 20 ہزار روپے آرہا ہے جو کہ پارٹی عہدیدار برداشت کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے پی ٹی آئی کے 12 ہزار کارکنان اسلام آباد جائیں گے، جن میں سے بعض کارکنان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، کچھ راستے میں ہیں اور کچھ کل نکلیں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق، کراچی سے جانے والے کارکنان پر مجموعی طور پر 25 کروڑ روپے خرچ آرہا ہے جس میں ممکنہ طور پر اضافہ بھی ہوسکتا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اس کا انحصار آگے کے لائحہ عمل پر ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ باتیں ایسی ہیں جنہیں پارٹی نے خفیہ رکھنے کا کہا ہے لیکن پی ٹی آئی نے اس حوالے سے تمام اختیارات نچلی سطح تک تقسیم کیے ہیں تاکہ سب پر ان کی حیثیت کے مطابق بوجھ ڈالا جاسکے۔