پی ٹی آئی احتجاج؛ ریڈ زون جانے والے راستے سیل، اہم سرکاری عمارتوں پر رینجرز تعینات

ڈی چوک پر پولیس، ایف سی اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں ریڈ زون جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا جبکہ اہم سرکاری عمارتوں پر رینجرز تعینات کردی گئی۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ڈی چوک میں رکھے گئے کنٹینرز پر بھی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ پولیس ، ایف سی ، پنجاب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ڈی چوک پر تعینات کردی گئی۔
سرینگر ہائی وے کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر کنٹینرز لگا بند کر دیا گیا جبکہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والے راستے ٹی کراس پر کنٹینرز لگا دئیے گئے ہیں۔ ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینرز لگا کر دونوں اطراف سے بند کیا گیا ہے۔ ایکسپریس وے آئی اے انٹری پربھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ گولڑہ موڑ جی ٹی روڈ پر جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔
چھبیس چونگی پل اور اسلام آباد ائیرپورٹ جانے والا راستہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ نیو مارگلہ روڈ کو ایک الیون کے مقام پر کنٹینرز سے سیل کردیا گیا۔ ایران ایونیو کو ڈی 12 کے مقام پر بند کیا گیا ہے جبکہ ایکسپریس وے کو سرینگر ہائے وے سے ملانے والا راستہ زیرو پوائنٹ سے بند ہے۔ فیض آباد سے اسلام آباد آنے والا راستہ بند کردیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ بھی مختلف مقامات سے بند ہے۔
راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے راستے بند
24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کردئیے گئے ہیں۔ فیص آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر راستوں کو بند کر دیا گیا جبکہ روات ٹی چوک سے اسلام آباد جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ خلوی انتظامیہ نے دو روز تک پیرودہائی اور فیض آباد کے بس اڈوں کو بھی بند کر دیا ہے۔ جی ٹی روڈ ٹیکسلا کے مقام سے کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہے۔
موٹر وے ایم ون اسلام آباد سے پشاور بند کردی گئی۔ موٹر وے ایم ٹو اسلام آباد سے لاہور کی انٹری بھی بند کردی گئی۔ ایم ون اور ایم ٹو پر سفر کرنے والوں کو صرف ایگزٹ کی اجازت ہوگی۔ راولپنڈی میں میٹروبس سروس آج بحال رہے گئی۔ راولپنڈی صدر اسٹیشن تا فیض آباد تک میٹروبس سروس چلے گئی۔
میٹرو بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ بند
پبلک ٹرانسپورٹ اور میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی ہیں۔فیض آباد میں تمام بس اڈوں کو قناتیں لگاکر بند کردیا گیا۔ اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند کردی گئی ہے۔ میٹرو بس سروس آئی جے پی تا پاک سیکریٹریٹ تک بند رہے گی۔ 24 نومبر کو جڑواں شہروں میں میٹرو سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ عملے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹرو سروس بند کی جا رہی ہے۔
امتحانات ملتوی
علامہ اقبال یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
اسپتالوں میں ہائی الرٹ
ملکی صورتحال کے پیش نظر پولی کلینک اسپتال میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور ایمرجنسی سروس کوبھی ہائی الرٹ کر دیا گیا۔پولی کلینک ہسپتال کے ایمرجنسی اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ایمبولینس سروس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سی سی ایم او ڈاکٹر تنویرکو فوکل پرسن مقررکردیا گیا ہے۔ ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک ہسپتال ڈاکٹر عبدلولی خان نے باضابطہ نوٹفکیشن جاری کر دیا۔
ایکسپریس وے کھول دی گئی
شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث پولیس نے ایکسپریس ہائی وے کو کھول دیا۔ کھنہ پل اور فیض آباد سے راستے کھول دئے گئے۔ مقامی شہریوں کی سہولت کے لئے کنٹینر ہٹائے دئیے گئے ہیں۔ مظاہرین کی آمد پر دوبارہ سڑکیں بند کردی جائیں گی۔
write English news With headline