پی ٹی آئی نے کارکنوں کو اسلحہ فراہم کردیا، وزیر اطلاعات پنجاب کا الزام

کے پی میں دو ارب روپے 9 مئی پارٹ ٹو کیلئے استعمال کئے جائیں گے، وزیراطلاعات پنجاب


لاہور(قدرت روزنامہ)حکومت نے پی ٹی آئی پر اپنے کارکنوں کو کل کے احتجاج کیلئے اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کردیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پکی خبر ہے کہ 24 نومبر کو امن و امان خراب کرنے کیلئے افغانیوں اور یوتھ فورس کو اسلحہ دیا گیا ہے، عمران خان کو لاشوں کی ضرورت ہے، کے پی میں دو ارب روپے نومئی پارٹ ٹو کےلیے استعمال کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرم و پارہ چنار میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا لیکن گنڈاپور کا صرف احتجاج پر فوکس ہے، پارہ چنار میں فرقہ واریت پھیل رہی ہے مگر گنڈاپور بشریٰ بی بی کو بٹھا کر فساد برپا کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی گنڈاپور نے آئی جی کو بے کار کرکے خود سب کنٹرول لے لیے ہیں، جلتا ہوا کے پی نظر نہیں آ رہا وہاں تو آگ لگی ہوئی ہے، چالیس سے زائد لوگ مارے گئے لیکن گنڈاپور کو کوئی فکر نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے بشریٰ بی بی کا نام لیے بغیر کہا کہ شریعت کی ٹھیکہ داری آپ کے منہ سے اچھی نہیں لگتی، شادی، غداریوں اور سیاسی معاملات میں آپ غیر خاتون رہیں۔
انہوں نے کہا کہ شریعت تو یہ بھی کہتی ہے باجوہ کو کسی کا فون آیا کسی نے کسی کو بتایا تو ہم تک پہنچ گئی، شریعت میں سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کیا جاتا، خان قانون کی حکمرانی نہیں چوری کرپشن اور بغاوت کے الزام میں جیل میں ہیں۔