فائر وال فعال: ملک میں انٹرنیٹ اور وی پی این میں خلل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث فائر وال فعال ہونے کی صورت میں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں صارفین کو انٹرنیٹ سروس اور ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) میں خلل کا سامنا ہے۔
اس سے قبل وزارت داخلہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جن علاقوں میں سیکیورٹی خدشات ہیں وہاں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کردی جائے گی، لیکن دیگر علاقوں میں معمول کے مطابق تمام سروسز جاری رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر وال ایکٹیو ہونے کے باعث صارفین کو پیغامات بھیجنے اور مختلف سوشل میڈیا ایپس کو استعمال کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
تاہم، پی ٹی آئی احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں صارفین کو انٹرنیٹ سروس اور وی پی این میں خلل کا سامنا ہے۔
یاد رہے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وی پی این کنٹرول کرنے کے لیے مختلف وی پی اینز کو رجسٹرڈ کیا تھا۔ اس کے بعد اب فائر وال ایکٹیو ہونے کے باعث وی پی این بھی محدود کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انٹرنیٹ صارفین نے شکایت کی ہے کہ وہ فکسڈ براڈ بینڈ اور موبائل ڈیٹا دونوں پر ہی وی پی این تک رسائی حاصل نہیں کرپا رہے۔
واضح رہے کہ وی پی این سروس فری لانسرز کی جانب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے، اس کے علاوہ جب ملک میں کوئی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن بند ہو تو بھی وی پی این کا استعمال کیا جاتا ہے۔