اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، آئی جی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کے تحت اسلام آباد میں احتجاج، ریلی یا مجمع پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا غیرقانونی عمل کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں سیکیورٹی انتظامات عوام کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر کیے گئے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
دریں اثنا، ڈی آئی جی اسلام آباد سید علی رضا نے ضلع بھر کے ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ شہری امن و امان کو یقینی بنانے میں پولیس سے مکمل تعاون کریں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی واضح کرچکے ہیں کہ حکومت اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی پابند ہے، اسلام آباد میں کسی جلوس اور دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔