ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشنز معمول کے مطابق جاری، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے تمام ایئرپورٹس پر معمول کے مطابق آپریشنز جاری ہیں، ائیرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے 72 گھنٹے کے قیام کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے قیام سے متعلق خبر مکمل طور پر غلط ہے۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ خبروں کے صرف بااعتماد ذرائع پر انحصار کریں۔
خیال رہے سوشل میڈیا پر ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشنز معطل ہونے کی خبریں گردش کررہی تھیں کہ مسافر 72گھنٹوں سے ایئرپورٹس پر ہی قیام پذیر ہیں۔
تاہم، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔
واضح رہے ملک بھر میں پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر موٹرویز اور دیگر اہم سڑکیں بند ہیں۔ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی تعطل کا شکار ہے۔