’کنٹینرز کرائے پر دستیاب ہیں‘، محمد حفیظ کا پاکستانیوں کو نفع بخش کاروبار کا مشورہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستوں کو بند کیا گیا ہے جس کے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے میں سابق قومی کرکٹر محمد حفیظ بھی چپ نہ رہ سکے اور سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں کنٹینرز کے حوالے سے پوسٹ کردی جس پر صارفین کے تبصرے شروع ہوگئے۔
سابق آلراؤنڈر محمد حفیظ نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر کنٹینرز لگا کر سڑک بند کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں پاکستانیوں کو کاروبار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ آج کل پاکستان میں ایک کاروبار بہت چل رہا ہے ’کنٹینرز کرائے پر دستیاب ہیں‘۔
ان کی اس طنزیہ پوسٹ پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے، ایک یاسر خان نامی صارف نے لکھا کہ آپ اس طرح کی پوسٹ کرنے سے محتاط رہیں، یہ نہ ہو کہ آپ کو اس پوسٹ کی وجہ سے اٹھا کر نہ لے جائیں، ویسے بھی پاکستان میں جنگل کا قانون ہے۔
ایک اور صارف ارسلان بلوچ نے لکھا کہ ویگو ڈالا آپ کو اٹھانے پہنچ ہی رہا ہوگا۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ پاکستان میں کنٹینرز درآمد اور برآمد کرنے کے لیے نہیں بلکہ روڈ بلاک کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
واضح رہے تحریک انصاف کے 24نومبر کے احتجاج کے پیش نظر ملک بھر کی اہم سڑکوں کو آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے اور کہیں پر کنٹینرز لگا کر سڑکیں بند کردی گئی ہیں، جن سے لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری ہے۔