انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ حالات دیکھ کر کیا جائے گا، وزارت داخلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر حکومت نے واضح کیا ہے کہ انٹرنیٹ بندش کا تعین حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ صرف وہ علاقے جہاں سیکیورٹی خدشات ہوں گے وہاں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس بند کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے باقی حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔
قبل ازیں، میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالہ دیکر بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور ملتان سمیت دیگر شہروں میں آج رات 12 بجے کے بعد انٹرنیٹ سروس بند کردی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ موبائل فون سگنلز بند نہیں ہوں گے، صرف انٹرنیٹ سروس بند ہوگی، موبائل فون سگنلز کی بندش کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر 2 روز قبل ہی انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں معطل کی جائے گی۔