پی ٹی آئی احتجاج: محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے بھی دہشتگرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے بھی اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کا ٹھریٹ الرٹ جاری کردیا۔ جس کے مطابق فتنہ الخوارج کی جانب سے احتجاجی ریلیوں میں خودکش دھماکے کے منصوبے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کیے گئے تھریٹ الرٹ کے مطابق فتنہ الخوارج نے پی ٹی آئی احتجاج میں خودکش دھماکے کا منصوبہ بنایا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی دہشتگردی کے واقعے کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔
خیال رہے اس سے قبل نیکٹا کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 24نومبر کی احتجاجی ریلیوں پر دشتگردانہ حملے ہوسکتے ہیں۔ فتنہ الخوارج سے منسلک کئی دہشتگرد پاک افغان بارڈر کراس پار کرکے پاکستان میں داخل ہوچکے ہیں۔
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا کہ 19 اور 20نومبر کی درمیانی رات دہشتگردوں کی پاک افغان بارڈر پار کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد بڑے شہروں میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرسکتے ہیں۔
نیکٹا کے مطابق فتنہ الخوارج کے پاکستان میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کی مختلف شہروں میں موجودگی کی اطلاع موصول ہوتے ہی الرٹ جاری کردیا گیا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد بڑے شہروں میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرسکتے ہیں۔
دہشتگردی کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہونے پر نیکٹا نے صوبائی حکومتوں کو فتنہ الخوارج کے خطرے کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔