اسلام آباد کے گیسٹ ہاؤسز اور ہاسٹلز میں چھپے پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان دھر لیے گئے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے اعلان کردہ احتجاجی مارچ کا حصہ بننے کے لیے قبل از وقت اسلام آباد پہنچنے والے پی ٹی آئی کے دھر لیے جانے والے کارکنان کی تعداد 300 سے زائد ہوگئی۔
اسلام آباد پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران شہر کے مختلف کیسٹ ہاؤسز سمیت دیگر مقامات پر موجود پی ٹی آئی کے 300 سے زائد کارکنان کو دھر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کے یہ کارکنان عمران خان کے اعلان کردہ آج 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ میں شرکت کے لیے پہلے اسلام آباد پہنچ گئے تھے۔
ان کارکنان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس نے شہر میں سرچ اینڈکومبنگ آپریشن کیا گیا، اس دوران گیسٹ ہاؤسز اور ہاسٹلز کی چیکنگ کی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے 70، تھانہ کوہسار کے علاقے سے 60، تھانہ بارہ کہو سے20 اور تھانہ رمنا سے25 پی ٹی آئی کارکن گرفتار کیےگئے ہیں۔
اس کے علاوہ تھانہ لوئی بھیرکے علاقے سے 35، سنگجانی سے 45 اور تھانہ ترنول کے علاقے سے 42 کارکن گرفتار کر لیے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار پی ٹی آئی کارکن جتھوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے حکم پر 24نومبر(آج) کو پی ٹی آئی کی اسلام آباد کی جانب احتجاجی کال کے باعث جڑواں شہروں میں کاروبار زندگی عملاً معطل ہے۔ دونوں شہروں کی مرکزی شاہراہیں، پبلک ٹرانسپورٹ اور فیض انٹرچینج کوبند کر دیا گیا ہے۔جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔