حکومت مسلح جتھوں سے مقابلہ بھی ویسے ہی کرے گی، وزیردفاع
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے آج کے احتجاج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ لوگ مسلح جتھے اور لشکر لے کر آ رہے ہيں تو حکومت بھی اسی طرح ان کا مقابلہ کرے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ یہ لوگ لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ منصوبہ بندی کے تحت بندے مروانا چاہتے ہیں، اس چیز کو حکومت کی کم زوری نہ سمجھا جائے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بشریٰ بی بی کے بیان سے خارجہ پالیسی پر کوئی فرق نہیں پڑا، بشریٰ بی بی اپنی بیٹی کی شادی کے لیے پیسے بٹورنے سعودی عرب گئیں۔ ان کا خیال تھا کہ سعودی عرب میں شادی میں تحفے ملیں گے اور پھر بیچیں گے، ان کا ماضی دیکھیں، ان کا سی وی چیک کریں اور یہ خود کو شریعت کہہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کے حکم پر 24نومبر(آج) کو پی ٹی آئی کی اسلام آباد کی جانب احتجاجی کال کے باعث جڑواں شہروں میں کاروبار زندگی عملاً معطل ہے۔ دونوں شہروں کی مرکزی شاہراہیں، پبلک ٹرانسپورٹ اور فیض انٹرچینج کوبند کر دیا گیا ہے۔جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔