نو مئی کے بعد دھرنا گرو کو احتجاج کی اجازت دینا خطرناک ہے، احسن اقبال

امید ہے ان کا دھرنا آج ناکام اور حالات ٹھیک ہوجائیں گے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی


لاہور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نو مئی کے بعد دھرنا گرو کو احتجاج کی اجازت دینا خطرناک ہے۔
پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آج ایک صورت حال کا سامنا کر رہی ہے ، پی ٹی آئی ملک میں افراتفری پیدا کر کے معاشی بحالی کو ناکام بنانا چاہتی ہے ، حکومت نے ہمیشہ ان کے ساتھ نرمی برتی لیکن اس کا نقصان نو مئی جیسا واقعہ ہوا۔
احسن اقبال نے کہا کہ نو مئی کے بعد اس گرو سے خیر کی توقع رکھنا رسک والی بات ہے، امید ہے ان کا دھرنا آج ناکام اور حالات ٹھیک ہوجائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری انتظامیہ کی جانب سے نہیں کی گئی جو رہائی کا مطالبہ مان لیا جائے، ان کے مقدمات عدالت میں ہیں، حکومت کے پاس چھوڑنے کا اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی مہاتما ہے جو 2014 میں اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے حکومت میں آئے تھے اور اب ایمپائر کی طرف دیکھ رہے ہیں، جنہوں نے 2018 کے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر آر ٹی ایس سسٹم بٹھایا تھا، آج بھی وہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، یہ کونسی آزادی کی جنگ ہے؟
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی کال پر آج اسلام آباد کی جانب مارچ اور ڈی چوک پر احتجاج کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر موٹر ویز، ہائی ویز اور اسلام آباد جانے والے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کے داخلی راستوں کو بند اور مری روڈ کو کھود دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سے اسلام آباد اور پشاور سے دارالحکومت جانے والے موٹرویز کو بھی بند جبکہ پولیس اور ایف سی نفری کو کے پی اور پنجاب کے سنگم میں تعینات کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پولیس نے احتجاج سے قبل پہنچنے والے پی ٹی آئی کے 300 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ راولپنڈی میں بھی پولیس تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریوں کیلیے متحرک ہے۔