اسلام آباد: فیض آباد پہنچنے والے پی ٹی آئی کارکنان پر شیلنگ، متعدد گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیض آباد کے مقام پر مظاہرین کی آمد شروع ہوگئی ہے، پی ٹی آئی کارکنوں نے فیض آباد پہنچ پر نعرے بازی کی، لوگوں کو دیکھتے ہی پولیس نے شیلنگ شروع کردی اور کارکنوں کو حراست میں لینا شروع کردیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ فیض آباد پہنچنے والے تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی وے پر فیض آباد کے مقام پر رینجرز کو تعینات کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے کارکنان نے فیض آباد میں پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور اسلام آباد میں داخل ہونے کی کوشش، لیکن پولیس کی بھاری نفری تعینات ہونے کی وجہ سے مظاہرین اپنے مقاصد میں تاحال ناکام ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی شرپسند کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، شرپسندوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
فیض آباد میں پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 25 کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہر صورت احتجاج اور اسلام آباد پہننچے کا اعلان کیا ہے۔ دھند کے باعث بند کی گئی پشاور موٹروے 11 بجے سے پہلے کھول دی گئی اور پی ٹی آئی کے ابتدائی افلے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ دوسری جانب حکومت نے بھی احتجاج سے نمٹنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
اسلام آباد میں 132 بلاکنگ پوائنٹس قائم ہیں۔ دوسرے شہروں سے اسلام آباد کی طرف جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ جب کہ لاہور میں احتجاج کے سبب شہر کے اندر رستے بند کیے گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت اور کال کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت نے آج یعنی 24 نومبر کے احتجاج کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا سے قافلے صوابی پہنچیں گے اور پھر مرکزی قافلے کی صورت میں اسلام آباد کی جانب چل پڑیں گے۔
ڈی چوک کی صورت حال
ڈی چوک پر بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ڈی چوک پہنچنے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے پیش نظر انتطامیہ نے ڈی چوک پر کنٹینرز کی تین تہیں لگا دی ہیں۔
ڈی چوک میں کنٹینرز کو سبز رنگ کے کپڑے سے ڈھانپا گیا ہے۔قریب ہی سرینا چوک اور نادرا چوک پر بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں راستوں کی بندش اور گرفتاریاں
اسلام آباد میں اتوار کی دوپہر 12 بجے کے قریب فیض آباد پہنچنے والے پی ٹی آئی کے درجن کے قریب کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ کارکن فیض آباد کے پل کے پاس جمع ہوئے تھے جہاں پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے، مختلف علاقوں کو سیل کردیا گیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد مقامات پر سڑکیں بند کی گئی ہیں، ایران ایونیو مارگلہ روڈکو دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بلاک کیا گیا۔