کلفٹن پولیس اور سی ٹی ڈی کا مبینہ مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک

ڈی آئی جی اسد رضا نے کہا کہ مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیم اور ایس ایچ او کلفٹن کو سی سی 2 انعام دیا جائے گا


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے درمیان مبینہ مقابلے کے نتیجے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے ہیں۔
چھیپا حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ پولیس نے ان کی شناخت عبدالستار، سیری چن، راج کمار اور نواب احمد سولنگی کے ناموں سے کی ہے۔
ڈی آئی جی اسد رضا کے مطابق، ہلاک ہونے والے ملزمان دو ہفتے قبل ڈیفنس فیز 5 میں سیکیورٹی گارڈ سعید کو ڈکیتی کے دوران قتل کر کے 5 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے تھے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 4 پستول اور ایمونیشن کے ساتھ دو موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی اسد رضا نے کہا کہ مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیم اور ایس ایچ او کلفٹن کو سی سی 2 انعام دیا جائے گا۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مارے جانے والے ڈاکو ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ان کے ملوث ہونے کی تصدیق کی جا رہی ہے۔