تحریک انصاف سے اب کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، بندوق کی نوک پر کسی سے بھی مذاکرات نہیں کیے جاسکتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد کی طرف آنے والے قافلے سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہے، علی امین گنڈاپور پہلے بھی آئے اور اب بھی ان کو آنے دیں۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے اب کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، خیبرپختونخوا میں حالات خراب ہیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کو انصاف نہ دینے والوں سے کس طرح مذاکرات ہوسکتے ہیں، امن وامان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور جیسے لوگوں کی کوئی ساکھ نہیں، ان کے اسلام آباد آنے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہوسکتا ہے کل مذاکرات میں کوئی پیشرفت ہوجائے۔