ضلع کرم آگ میں، پی ٹی آئی حکومت لاپتا ہے، بلاول بھٹو زرداری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں بدامنی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع کرم آگ میں جل رہا ہے اور خیبرپختونخوا حکومت لاپتا ہے، 3 روز میں 80 شہری قتل ہوئے، لوگ اپنے گھروں سے نہیں نکل سکتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، قیام امن کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرے گی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں قبائلی گروپوں کے درمیان گزشتہ 3 دن سے جاری تصادم میں مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 75افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
جمعرات کے روز ضلع کرم میں اوچت میں کانوائے میں شامل مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں امن و امان کی فضا خراب ہو گئی تھی۔
دوسری طرف مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ضلع کرم میں فریقین کے درمیان 7دن کے لیے سیز فائر ہوگیا ہے۔
کرم میں جرگہ عمائدین کے ہمراہ علاقہ مکینوں سے ملاقات کے بعد حکومتی جرگہ کرم سے واپس پشاور پہنچا جہاں مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا کہ فریقین کے درمیان سیز فائر پر اتفاق ہوگیا ہے۔