بھارت میں گوگل میپ نے 3 افراد کی جان لے لی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا بھر میں عام طور پر گوگل میپ کو سفر کے لیے بہترین رہبر مانا جاتا ہے، لوگ گوگل میپ کے ذریعے راستوں کا تعین کرتے ہیں اور اس کی رہنمائی میں اپنی منزل تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم بھارت میں گوگل کے بتائے گئے راستے پر چلنے سے 3 افراد کی جان چلی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع فرید پور کے ایک قصبے میں گوگل میپ کے بتائے گئے راستے پر سفر کرنے والی گاڑی زیر تعمیر پل سے نیچے گرگئی، جس سے گاڑی میں سوار 3 افراد ہلاک ہوگئے، بدقسمت گاڑی بدایوں شہر سے فرید پور قصبے کی طرف جارہی تھی۔
50 فٹ کی بلندی سے گرنے پر گاڑی میں سوار 2 بھائیوں سمیت 3 نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اہلخانہ کے مطابق نوجوان گوگل میپ کے بتائے گئے راستے پر سفر کررہے تھے، جی پی ایس نے پُل کا راستہ کلیئر دکھایا لیکن آگے جا کر پُل موجود نہیں تھا، انتظامیہ نے زیر تعمیر پُل پر رکاوٹیں لگائی ہوتی اور کوئی اشارہ دیا ہوتا کہ پل زیر تعمیر ہے تو افسوس ناک حادثہ پیش نہ آتا، پولیس کے مطابق حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔