پی ٹی آئی احتجاج، ملک کو یومیہ کتنا نقصان ہورہا ہے؟ اعداد و شمار جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزارت خزانہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) احتجاج سے وفاق اور صوبوں کو روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے معاشی نقصان کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق وزارت خزانہ نے احتجاج سے متعلق ایک رپورٹ تیار کی ہے جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پی ٹی کے احتجاج سے روزانہ 190 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، لاک ڈائون اور احتجاج سے ٹیکس وصولیوں میں کمی ہورہی ہے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق احتجاج اور لاک ڈائون سے جی ڈی پی کو روزانہ 144 ارب کا نقصان ہوتا ہے، ہڑتال سے برآمدات میں کمی سے روزانہ 26 ارب کا نقصان ہوتا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی سے 3 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، احتجاج سے صوبوں کو ہونے والے نقصانات اس سے الگ ہیں۔
وفاقی وزیرخزانہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی احتجاج سے صوبوں کو روزانہ زرعی شعبے کی مد میں 26 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے جبکہ صوبوں کا صنعتی شعبے میں نقصان 20 ارب روپے سے زیادہ ہے۔