اسلام آباد

پی ٹی آئی کے بہت سارے لوگوں نے گرفتاری کے لیے رابطے کیے، عطا تارڑ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ ان کا لیڈر جیل سے باہر آئے، اسی طرح بہت سارے لوگوں نے نچلے لیول پر انتظامیہ سے رابطہ کرکے کہا ہمیں گرفتار کرلیں، لوگ رضا کارانہ گرفتاریاں دے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرعطاتارڈ نے کہا کہ اسلام آباد کا امن بحال رہے گا، ہم نے کسی کو شہر کا امن خراب نہیں کرنے دینا، اسلام آباد کے کافی راستے کھلے ہیں جبکہ کچھ بند ہیں، پی ٹی آئی کا مطالبہ کچھ ہے نہیں، یہ چاہتے ہیں صرف انہیں این آر او دیا جائے، یہ کام حکومت کا نہیں عدالتوں کا ہے۔
عطاتارڈ نے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے کہ سیکیورٹی کے اچھے انتظامات ہوں، یہاں جو آئے گا اس کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آءی پہلے اپنے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرے، کرم کے اندر آج بھی مظاہرے ہوئے ہیں وہاں پر صورتحال کو بہتر کریں، یہ ملکی معیشت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی ہورہی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کا احتجاج کس چیز کے لیے ہے؟ پی ٹی آئی نے پہلے ملک میں انتشار پھیلایا اور اب ان کی اپنی جماعت تقسیم کا شکار ہے، آج آنے والے بیلاروس کے وزرا اور وفد کو خوش آمدید کہیں گے اور ان کو بتائیں گے کہ ہم پرامن لوگ ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *