پی ٹی آئی احتجاج ملک کے وقار کے ساتھ سوچی سمجھی سازش ہے، اسحاق ڈار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج ایک سیاسی احتجاج ہے یا ملک کی عزت اور وقار کے ساتھ سوچی سمجھی سازش اور کھیل ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ‏بار بار تحریک انصاف کیوں احتجاج کی کال ایسے موقع پر دیتی ہے جب اہم بین الاقوامی شخصیات پاکستان آ رہی ہوں؟
انہوں نے کہا کہ چاہے وہ 14 اکتوبر کو چینی وزیرِاعظم کا دورہ ہو یا 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے لیے سربراہانِ مملکت کی آمد ہو، تحریک انصاف دھاوا بول دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کل شروع ہونے والا بیلاروس کے صدر کا دورہ جس کے لیے ان کے وزرا اور اہم کاروباری شخصیات کی اسلام آباد آج آمد ہے، انہوں نے پھر دھاوا بول دیا ہے۔
اسحاق ڈار نے اپیل کی کہ ‏خدارا پاکستان کو اپنی گھٹیا سیاست پر فوقیت دیں، پاکستان کے عوام پر رحم کریں۔ اپنی سیاست کو ملکی مفاد پر ترجیح نہ دیں۔