کیسکو صارفین کو مکمل وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے،گورنر بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کیسکو چیف کو ہدایت کی کہ وہ ژوب ڈویژن کے تمام بجلی صارفین کو مکمل وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہمی کو یقینی بنائیں اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے کیونکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے بل ادا کرنے والے اچھے صارفین بھی اب تنگ آچکے ہیں. انہوں نے کہا کہ واپڈا کے حکام اپنے دفتری طریقہ کار کو بہتر بنائیں اور تمام صارفین کے ساتھ مناسب رویہ رکھیں یہ بات انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر کیسکو چیف نے یقین دلایا کہ آپ کی ہدایات کے مطابق ژوب گرِڈ اسٹیشن کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ایک اور بڑا ٹرانسفر / ٹرالی بھی جلد لگا دیں گے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کسٹمر سروس کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بجلی صارفین کی شکایات کو مو¿ثر طریقے سے نمٹا جانا چاہیے. صحت اور تعلیم کے اداروں سمیت سرکاری دفاتر میں اوقات کار کے دوران بجلی کی فراہمی کا خاص خیال رکھیں۔