پاکستان کے بینکوں میں بھی جعلی نوٹ پہنچ گئے، اسٹیٹ بینک نے کونسا بینک بند کردیا؟


کراچی (قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جعلی کرنسی نوٹوں کی موجودگی پر نیشنل بینک آف پاکستان کی حافظ آباد برانچ سیل کر دی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیشنل بینک آف پاکستان کی حافظ آباد برانچ کو اس وقت سیل کر دیا جب وہاں دو ملین روپے کے جعلی کرنسی نوٹوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔
اس سنگین غفلت پر اسٹیٹ بینک نے نیشنل بینک پر دو سو ملین روپے کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ جعلی کرنسی ایک نجی بینک کے ذریعے نیشنل کی برانچ میں جمع کروائی گئی تھی، جس سے بینکنگ نگرانی کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی ہے۔
اس واقعے کے بعد اسٹیٹ بینک نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ جعلی نوٹوں کے منبع کا پتہ لگایا جا سکے۔ اس کیس کی پیچیدگی اس بات سے بڑھ گئی ہے کہ اس میں متعدد ادارے شامل ہیں، جس کی وجہ سے تحقیقات چیلنج بن چکی ہیں۔
یہ واقعہ بینکنگ سسٹم کی خامیوں کو اجاگر کرتا ہے، جس کے بعد ایسے واقعات کے روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔