تمنا بھاٹیا اور وجے ورما کی شادی کب ہوگی؟ بڑی خبر آگئی

اداکارہ کو حال ہی میں ڈیزائنر منیش ملہوترا کے گھر کے باہر دیکھا گیا جہاں وہ ایک کلاسک بلیک کُرتا سوٹ میں نظر آئیں


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی وڈ کی مشہور اداکارہ تمنا بھاٹیا اور اداکار وجے ورما کی جوڑی جلد ازدواجی زندگی کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں اداکار 2025 میں شادی کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں ایک ساتھ نیا گھر تلاش کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، وجے اور تمنا نے اپنے مستقبل کی تیاریوں کا آغاز گھر کی تلاش سے کیا ہے۔ دونوں نے اپنی محبت کا اعتراف 2023 میں نیٹ فلکس کے پروجیکٹ لَسٹ اسٹوریز 2 کی ریلیز کے وقت کیا تھا اور اس کے بعد سے دونوں کو کئی تقریبات اور ڈیٹ نائٹس پر ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔
اگرچہ دونوں نے اپنی شادی کی خبروں پر اب تک کوئی تصدیق نہیں کی مگر مداح بے صبری سے ان کے اگلے قدم کا انتظار کر رہے ہیں۔
تمنا کو حال ہی میں مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترا کے گھر کے باہر دیکھا گیا، جہاں وہ ایک کلاسک بلیک کُرتا سوٹ میں نظر آئیں۔ ان کا یہ سادہ اور شاندار انداز مداحوں میں خوب مقبول ہوا۔
وجے ورما نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنی محبت کو چھپانے پر یقین نہیں رکھتے، لیکن اپنی زندگی کے کچھ لمحات کو ذاتی رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس تمنا کے ساتھ پانچ ہزار سے زائد تصویریں موجود ہیں، لیکن وہ انہیں عوامی طور پر شیئر کرنے کے بجائے اپنے لیے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔