سندھ ہائیکورٹ کے ریگولر بینچز کی آئینی درخواستوں کی سماعت سے معذرت

صوبائی حکومت یا وفاق یا ادارے کو کسی بھی کارروائی سے روکنے سے متعلق درخواستیں آئینی بینچ سنے گا، جسٹس صلاح الدین


کراچی(قدرت روزنامہ)آئینی بینچز کے قیام کے بعد سندھ ہائیکورٹ کے ریگولر بینچز نے آئینی درخواستوں کی سماعت سے معذرت کرلی۔
جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ایس بی سی اے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ میرا کیس آرٹیکل 199 -2 کے تحت آتا ہے، عدالت سے اس معاملے پر درخواست کی فوری سماعت کی استدعا ہے۔
جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیے کہ صوبائی حکومت یا وفاق یا ادارے کو کسی بھی کارروائی سے روکنے سے متعلق درخواستیں آئینی بینچ سنے گا۔ آپ جسٹس کے کے آغا سے اجازت لے لیں۔ ہم مشروط طور پر اجازت دے رہے ہیں، پہلے آفس طے کرے گا کہ یہ ریگولر بینچ سنے گا یا آئینی بینچ۔
عدالت نے کال اَپ نوٹس، اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے اور تحفظ فراہم کرنے سمیت دیگر کیسز کی سماعت سے معذرت کرلی۔ عدالت نے درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
ایف آئی آر ختم کرنے سے متعلق درخواست کو عدالت نے زیر دفعہ 561 کی درخواست میں تبدیل کرکے بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کی نامزدگی کی تھی۔ جسٹس اے کے آغا آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔