جوڈیشل کمیشن کا ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا فیصلہ

آئندہ اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جوڈیشل کمیشن کے آئندہ اجلاس میں ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا۔
گزشتہ اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے لیے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر 6 دسمبر کو اجلاس بلانے کی تجویز سامنے آئی تھی۔ ممبر جوڈیشل کمیشن فاروق ایچ نائیک نے ججز کی نامزدگی اور غور کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر صوبائی ہائیکورٹس میں بھی ججز کی تعیناتی ہونی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کی نامزدگی کی تھی۔ جسٹس اے کے آغا آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے لیے 9 ججوں کی نامزدگی 11 اور 4 کے اکثریتی فیصلے سے ہوئی۔
جسٹس عبدالکریم خان آغا آئینی بینچز کے سربراہ نامزد کیے گئے،جسٹس سلیم جیسر ، جسٹس عمر سیال جسٹس یوسف علی سید ، جسٹس عبدالمبین لاکھو،جسٹس ذوالفقار علی سانگی ، جسٹس ثنا اکرام منہاس ، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس ارباب علی ہکڑو آئینی بینچوں کے لیے نامزد ہوئے۔