پاکستان اور بیلاروس کے درمیان ایم او یو پر دستخط، مشترکہ پریس کانفرنس میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر زور

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا، وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے، اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بیلاروس کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔

پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ
بعد ازاں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا، وزیراعظم شہبازشریف اور بیلا روس کے صدر تقریب میں شریک ہوئے۔

پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، آڈیٹر جنرل آفس اور بیلا روس کی اسٹیٹ کنٹرول کمیٹی کے درمیان تعاون، منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنانسنگ سمیت دیگر جرائم کو روکنے اور پاکستان نیشنل ایگریڈیشن قونصل اور بیلاروس کے ایگریڈیشن سینٹر کے درمیان یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان معاہدہ، ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی تعاون کے سمجھوتے کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر این ڈی ایم اے اور بیلا روس کی وزارت کے درمیان تعاون، نیوٹیک اور بیلاروس کے فنی تعلیم کے انسٹی ٹیوٹ کے درمیان اور دونوں ممالک کے درمیان مالیاتی انٹیلی جنس کے تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔

بیلاروس کے صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش

بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف نے بیلا روس کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیلا روس کے صدر اور وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں،

وزیراعظم نے کہا کہ 8 سال کے وقفے کے بعد صدر لوکا شینکو کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے، بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان اور عوام کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں، بیلاروس کے صدر کے لیے پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ بیلا روس کے صدر سے آج ہونے والی ملاقات مثبت رہی، صدر لوکا شینکو اور وفد کے ساتھ بہت اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، بیلا روس کے ساتھ معاہدوں کو فوری عملی جامہ پہنائیں گے، بیلاروس کے ساتھ دوطرفہ تعاون آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر بیلا روس ایک مدبر اور بصیرت افروز رہنما ہیں، دونوں ممالک مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے سنجیدگی سے مل بیٹھیں گے، آئی ٹی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، آئندہ سال مفاہمتی یادداشتوں کوعملی جامہ پہنائیں گے۔

فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، فلسطین میں بچوں، خواتین سمیت 45 ہزار سے زائد نہتے افراد شہید ہوچکے ہیں، غزہ میں فوری اورغیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، گزشتہ 75 سال سے مقبوضہ کشمیرکے عوام حق خودارادیت کی جنگ لڑرہے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن واستحکام کے لیے ضروری ہے۔

اس موقع پر بیلا روس کے صدر لوکا شینکو نے کہا کہ مؤثر سفارتکاری سے تعمیری رابطوں تبادلوں کو بڑھانا ہوگا، مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر جلد پیش رفت بڑھانا ہوگی، جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک دوسرے کے لیے مدد گار ثابت ہوں گے، ہمیں عوام بہتری کے منصوبوں پرعمل کرنا ہوگا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سیاسی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس تعلقات کے تمام پہلوؤں میں مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو نے باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پاکستان میں پر تپاک استقبال اور میزبانی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بیلاروس کے صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔

شہباز شریف نے بیلا روس کے صدر کو حکومت پاکستان کی برآمدات پر مبنی نمو اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی بحالی کی پالیسی کے بارے آگاہ کیا۔

قبل ازیں بیلاروس کے صدر الیگزانڈر لوکاشینکو وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے پرجوش انداز میں مصافحہ بھی کیا۔

صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے وزیر اعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا اور پاکستان میں پر تپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔